سعودی عرب میں رمضان کا مہینہ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ ثقافتی اور سماجی رنگوں سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں
ماہِ صیام میں مملکت کے وسیع جغرافیے اور متنوع ثقافتوں کی جھلک افطار دسترخوان پر صاف دکھائی دیتی ہے، جہاں ہر خطہ اپنی مخصوص روایات اور پکوانوں کے ذریعے رمضان کو ایک الگ شناخت دیتا ہے۔
یہ روایتی کھانے محض غذا نہیں بلکہ ایک اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں۔ نسل در نسل منتقل ہونے والی یہ تراکیب سعودی معاشرے اور رمضان کے درمیان گہرے تعلق کی عکاس ہیں۔
نجدی دسترخوان
وسطی سعودی عرب کے علاقے نجد میں رمضان کے دوران گندم پر مبنی پکوان نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں جریش ہے، جو قدیم ترین اور مقبول عوامی کھانوں میں شمار ہوتا ہے اور رمضان میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
جریش کے ساتھ قرصان، مطازیز اور ثرید بھی افطار کا حصہ بنتے ہیں۔ یہ پکوان کئی دہائیوں سے نجدی ثقافت میں رچے بسے ہیں اور رمضان کی شناخت بن چکے ہیں۔
افطار کے آغاز میں شوربہ الحب پیش کیا جاتا ہے، جو کہ گندم سے تیار کیا جاتا ہے اور نہایت مقبول ہے۔ اس کے علاوہ سمبوسہ نجد کے ہر رمضان دسترخوان کا لازمی جزو سمجھی جاتا ہے۔
حجاز: تاریخ اور ذائقوں کا امتزاج
مغربی سعودی عرب کا خطہ حجاز اپنی تاریخی اہمیت اور ثقافتی تنوع کے باعث ایک منفرد دسترخوان رکھتا ہے۔ یہاں سلیق کو مرکزی مقام حاصل ہے، جو حجاز کا نمایاں روایتی پکوان ہے۔
اس کے ساتھ ہریس، فول اور تمیس بھی افطار کی میز پر نظر آتے ہیں۔ یہ کھانے حجاز کے قدیم کھانوں میں شامل ہیں اور طویل عرصے سے مقامی ذوق کا حصہ رہے ہیں۔
افطار کے اختتام پر لقیمات اور معصوب جیسی مٹھائیاں اپنی سادگی اور روایت کے باعث خاص مقام رکھتی ہیں، جو حجاز کی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھتی ہیں۔
جنوبی علاقے: زرعی اور پہاڑی ذائقے
سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کے پکوان وہاں کے زرعی اور پہاڑی ماحول کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہاں مقامی اناج سے تیار ہونے والے کھانے نمایاں ہیں، جن میں عصیدہ اور عریکہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گوشت سے تیار ہونے والے روایتی پکوان بھی جنوبی دسترخوان کی شان ہیں، خصوصاً حنیذ اور مندی، جو خاص انداز میں تیار کیے جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ خبز التنور یعنی تنور میں پکی روٹی جنوبی افطار کا لازمی جزو ہے، جو مقامی طرزِ زندگی اور روایت کی نمائندگی کرتی ہے۔
مشرقی ریجن: خلیجی اثرات کی جھلک
مشرقی سعودی عرب کا رمضان دسترخوان خلیجی کھانوں سے متاثر نظر آتا ہے۔ یہاں ہریس اور مجبوس افطار کے اہم ستون سمجھے جاتے ہیں۔
اسی طرح بلالیط بھی ایک معروف روایتی ڈش ہے، جو اس خطے میں خاصی مقبول ہے۔
اگرچہ مشرقی ریجن کا ذائقہ خلیجی انداز لیے ہوئے ہے، تاہم یہاں بھی شوربہ اور سمبوسہ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جو پورے ملک میں مشترکہ روایت بن چکے ہیں۔
ہر دسترخوان پر مشترک
اتنے وسیع علاقائی تنوع کے باوجود کچھ اشیا ایسی ہیں جو سعودی عرب کے ہر رمضان دسترخوان پر یکساں طور پر موجود ہوتی ہیں۔
سب سے پہلے کھجور، جس سے روزہ افطار کرنے کی روایت قائم ہے۔ اس کے بعد سعودی قہوہ، جو افطار کے بعد محفلوں کا لازمی حصہ ہوتی ہے۔
اسی طرح شوربہ، سمبوسہ اور لقیمات بھی تقریباً ہر گھر کی افطار میز پر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ پکوان رمضان کی اجتماعی یادگار اور ثقافتی تسلسل کی علامت بن چکے ہیں۔
ماضی تا حال ، ذائقوں کا سفر
سعودی عرب کے رمضان پکوان اس بات کا ثبوت ہیں کہ خوراک محض جسمانی ضرورت نہیں بلکہ تہذیبی شناخت بھی ہے۔ یہ روایتی کھانے ماضی اور حال کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
نجد کی گندم سے لے کر حجاز کے سلیق، جنوب کے حنیذ اور مشرقی ریجن کے مجبوس تک ، ہر خطہ اپنی الگ پہچان رکھتا ہے، مگر سب کا مقصد ایک ہی ہے، یعنی رمضان کی روح کو زندہ رکھنا۔