نبی اکرمﷺ لوگوں کو رمضان کی راتوں میں قیام کرنے، نمازِ تراویح پڑھنے کی ترغیب دلایا کرتے تھے لیکن آپﷺ انہیں عزیمت (وجوباً پابندی) کا حکم نہیں دیتے تھے۔
آپﷺ فرمایا کرتے تھے کہ جس نے اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہوئے اور اسی کی رضا و خوشنودی کے حصول کی خاطر رمضان کی راتوں کو قیام کیا، اسکے سابقہ تمام گناہ بخش دیئے گئے۔
مزید پڑھیں
حافظ ابن حجر عسقلانی ؒ نے کہا ہے کہ سنن نسائی میں قتیبہ نے سفیان کے طریق سے اس حدیث میں ’مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِہٖ‘ کے بعد ’وَمَا تَأَخَّرَ‘ کا اضافہ بھی روایت کیا ہے کہ سابقہ اور لاحقہ تمام گناہ معاف کر دیئے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اضافی الفاظ مسند احمد کی ایک روایت میں بھی مروی ہیں۔
حافظ موصوف لکھتے ہیں کہ اگلے اور پچھلے گناہوں کی مغفرت کے سلسلہ میں کئی احادیث وارد ہوئی ہیں جنہیں میں نے ایک مستقل کتاب میں جمع کر دیا ہے۔
یہاں ایک اِشکال پیش آتا ہے کہ اِس حدیث میں جو اضافی الفاظ ’بعد والے گناہ بھی بخش دیئے جاتے ہیں‘ یہ کیسے ممکن ہے؟
کیونکہ مغفرت تو تب ہوتی ہے جب پہلے گناہ سرزد ہوا ہو۔
جب ابھی گناہ سرزد ہی نہیں ہوا تو اس کی پیشگی مغفرت کیسے ہوگی؟
اس اِشکال کو حافظ ابن حجر ؒ نے فتح الباری شرح صحیح بخاری میں ذکر کر کے مختلف جوابات سے اسکا ازالہ کیا ہے چنانچہ موصوف لکھتے ہیں:
یہ کنایہ ہے اس بات سے کہ وہ کبیرہ گناہوں کے ارتکاب سے محفوظ رہیں گے۔
آئندہ ان سے کوئی کبیرہ گناہ سرزد ہی نہیں ہوگا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ اُن سے جو بھی گناہ سرزد ہوں گے وہ بخش دیئے جائیں گے۔
ماوردی اور بعض دیگر اہل علم نے یومِ عرفہ کے روزے کی فضیلت کے بارے میں کہا ہے کہ اس سے سابقہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
آئندہ گناہوں کی بخشش سے مراد یہ ہے کہ ان سے جو بھی فعل سرزد ہوگا، اس پر ان کا کوئی مؤاخذہ نہیں ہوگا۔
اہلِ بدر صحابہؓ کے بارے میں نبیﷺ نے فرمایا ہے ’اللہ نے اہلِ بدر (کے خلوص و ایثار )کو دیکھ کر کہا کہ آج کے بعد جو عمل چاہے کرو، تمہارے لئے جنت واجب کردی گئی ہے یا فرمایا تمہاری بخشش کر دی گئی ہے۔
اس حدیث میں یہی مراد ہے کہ تمہارے آئندہ کے افعال پر کوئی مؤاخذہ نہیں ہوگا ’جو عمل چاہے کرلو‘ یہ ان کی عزت و تکریم کے لئے کہا گیا ہے۔
یہ عظمت انہیں ان کے اُس عمل کے عوض ملی جو انہوں نے اولین معرکہ حق و باطل میں اعلائے کلمہ حق کے لئے سر انجام دیا جسکے نتیجہ میں ہی ان کے سابقہ تمام گناہ بھی معاف کردیئے گئے اور وہ اس کے اہل ہوگئے کہ اگر ان سے آئندہ کوئی گناہ سرزد ہوا تو اللہ انہیں وہ بھی بخش دے گا۔