اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کی ایگزیکٹو کمیٹی جمعرات 26 فروری کو وزرائے خارجہ کی سطح پر ہنگامی وزارتی اجلاس منعقد کرے گی جو تمام رکن ممالک کے لیے کھلا ہوگا۔
یہ اجلاس جدہ میں تنظیم کے جنرل سیکریٹریٹ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگا جس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی غیر قانونی فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق تنظیم نے واضح کیا ہے کہ اجلاس کا مقصد مؤقف میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور ایسے اقدامات پر غور کرنا ہے جن کے ذریعے اسرائیلی قابض حکام کے اُن فیصلوں اور کارروائیوں کا مقابلہ کیا جا سکے جو آبادکاری کے فروغ، الحاق اور مغربی کنارے پر نام نہاد اسرائیلی خود مختاری مسلط کرنے کی کوششوں پر مبنی ہیں۔
یہ اقدام اسرائیلی حکومت کے اُس فیصلے کے پس منظر میں سامنے آیا
ہے جس کے تحت مغربی کنارے میں اراضی کی سیٹلمنٹ کے اقدامات ’سرکاری املاک‘ کے عنوان سے شروع کئے جا رہے ہیں۔
ان منصوبوں کو غیر قانونی قرار دیا جا رہا ہے، جن کا مقصد مقبوضہ فلسطینی سرزمین کی قانونی، سیاسی اور آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنا اور دو ریاستی حل کو کمزور کرنا ہے۔
1967 کی نکسہ کے بعد پہلی بار، اسرائیلی حکومت نے 15 فروری 2026 کے اجلاس میں ایک ایسے فیصلے کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسے مغربی کنارے کی زمینوں کو ’سرکاری املاک‘ کے طور پر رجسٹر کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور اسی تاریخ کے بعد پہلی مرتبہ وہاں اراضی کی رجسٹریشن کا دروازہ کھولنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔