خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ میں انویسٹرز فورم کے سینئر رکن اور معروف نوجوان کاروباری شخصیت چوہدری طارق اقبال کی جانب سے پاکستان انویسٹرز فورم، پاکستان قومی یکجہتی فورم کے اراکین اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
تقریب میں صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود، جنرل سیکرٹری انویسٹرز فورم عبدالخالق لک، چیئرمین چوہدری اظہر عباس وڑائچ، کنوینئر پاکستان قومی یکجہتی فورم سردار وقاص عنایت اور مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔
افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے میزبان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا
اور رمضان المبارک کی برکتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے میں کمیونٹی کے ساتھ مل بیٹھ کر افطار کرنا باعثِ سعادت ہے۔
انہوں نے مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب سے نہ صرف باہمی روابط مضبوط ہوتے ہیں بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کو بھی فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے افطار ڈنر کے بہترین انتظامات پر میزبان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں نظامت کے فرائض علی خورشید ملک نے انجام دیے، جبکہ اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی جس میں امتِ مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔