الدرعیہ میں جاری موسم الدرعیہ 25/26 کی انتظامیہ نے غیر معمولی عوامی دلچسپی اور بھرپور شرکت کے پیش نظر متعدد پروگرامز کی مدت میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق یہ فیصلہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد اور مثبت ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق تین نمایاں پروگرامز ’ہل القصور‘، ’الحویّط‘ اور ’سمحان‘ کو مارچ کے آخر تک جاری رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں سیزن کے آغاز سے جاری ’لیالی الدرعیہ‘ بطور مستقل پروگرام بدستور جاری رہے گا۔
سیزن کی ڈائریکٹر احلام آل ثنیان نے اس حوالے سے بتایا کہ توسیع کا یہ فیصلہ گزشتہ مدت کے دوران شرکا کی ریکارڈ تعداد کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ درعیہ سیزن ایک اہم ثقافتی اور تاریخی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جو مختلف طبقات کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مثبت عوامی دلچسپی نے منتظمین کو ترغیب دی کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ان پروگرامز سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے۔
احلام آل ثنیان نے قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت اور سیاحت کے شعبوں کو مسلسل حکومتی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ درعیہ سیزن کو خصوصی توجہ اور رہنمائی میسر ہے جس سے اس کی مقامی اور عالمی سطح پر اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کو مختلف متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت وزیر سیاحت اور اتھارٹی برائے ترقیِ درعیہ گیٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکرٹری جنرل احمد الخطیب کی سرپرستی اور معاونت سے ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں، جن میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور مملکت کو عالمی سطح پر ثقافتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا شامل ہے۔
واضح رہے کہ درعیہ سیزن کو قومی سطح کے نمایاں سیزنز میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں علاقے کے تاریخی ورثے کو اجاگر کیا جاتا ہے اور متنوع پروگرامز کے ذریعے اس کی شناخت اور تاریخ کو پیش کیا جاتا ہے۔
یہ سیزن روایت اور جدیدیت کو یکجا کرتے ہوئے زائرین کو ایک جامع اور منفرد تجربہ فراہم کر رہا ہے۔