حرمین شریفین انتظامیہ نے ماہِ رمضان کے دوران روضہ اطہر کی زیارت کے اوقات کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اقدام زائرین کی آمد و رفت کو منظم کرنے اور انہیں مربوط انتظامی نظام کے تحت سہولت اور اطمینان کے ساتھ زیارت کی ادائیگی کا موقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے 20 دنوں میں مردوں کے لیے زیارت کے اوقات دو حصوں میں ہوں گے۔
پہلا وقت صبح 11:20 سے رات 8 بجے تک ہوگا جبکہ دوسرا وقت رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خواتین کے لیے پہلے 20 دنوں میں زیارت کے اوقات بھی دو
حصوں پر مشتمل ہوں گے۔
پہلا وقت رات 11 بجے سے 1:40 بجے تک ہوگا جبکہ دوسرا وقت صبح 6 بجے سے 11 بجے تک ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق رمضان کے آخری عشرے میں مردوں کے لیے زیارت کے اوقات تین حصوں میں تقسیم ہوں گے:
پہلا وقت صبح 11:20 سے رات 8 بجے تک، دوسرا وقت رات 11 بجے سے 12 بجے تک اور تیسرا وقت رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔
جبکہ خواتین کے لیے زیارت کا وقت صبح 6 بجے سے 11 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ روضہ اطہر کی زیارت کے لیے پیشگی وقت حاصل کرنا لازمی ہے، جو ’نسک‘ ایپلی کیشن کے ذریعے لیا جا سکتا ہے۔
زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ اوقات اور انتظامی ہدایات کی پابندی کریں تاکہ روحانی اور ایمانی ماحول میں زیارت کی ادائیگی آسان بنائی جا سکے۔