وزارة اسلامی امور، دعوت وارشاد نے انڈیا میں سعودی سفارت خانے کے مذہبی اتاشی کے ذریعے، سريلانكا میں خادم الحرمین الشریفین پروگرام برائے تقسیمِ کھجور اور افطار کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ تقریب گزشتہ روز دار الحکومت كولومبو میں واقع سعودی سفارت خانے کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں سری لنکا میں سعودی سفیر خالد بن حمود القحطانی، سری لنکا کے نائب وزیر برائے مذہبی امور محمد منیر مظفر، اسلامی امور کے حکام، اسلامی تنظیموں اور مراکز کے سربراہان نیز دعوتی و ابلاغی شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق تقسیم کی جانے والی کھجوروں کی مقدار تقریباً 5 ٹن ہے، جس سے 20 ہزار روزہ دار مرد و خواتین مستفید ہوں گے جبکہ افطار پروگرام سے ملک کے مختلف علاقوں میں تقریباً 5 ہزار افراد فائدہ اٹھائیں گے۔
اس اقدام سے مستحقین کے دلوں میں مسرت پیدا کرنے اور ماہِ مبارک کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع میسر آئے گا۔
سری لنکا کے نائب وزیر برائے مذہبی امور نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزيز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ مملکت کی وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے وزارت کی جانب سے دعوتی اور امدادی پروگراموں کے تسلسل کو سراہا۔
قابلِ ذکر ہے کہ وزارتِ اسلامی امور دنیا کے 120 ممالک میں خادم الحرمین الشریفین کا پروگرام برائے تقسیمِ کھجور اور 70 ممالک میں افطار پروگرام نافذ کر رہی ہے جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت اور باہمی اخوت و یکجہتی کے فروغ میں مملکت کے قائدانہ کردار کی عکاسی کرتا ہے۔