رمضان المبارک 1447ھ کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں معتمرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے 750 سے زائد مرد و خواتین رضاکار اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ خدمات سعودی عربین اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی نگرانی اور تنظیم کے تحت قائم کی گئی ہیں، جن کا مقصد ضیوفِ الرحمن کی مدد اور قومی سطح پر رضاکارانہ جذبے کو فروغ دینا ہے۔
خدماتی کیمپس گزشتہ شام باضابطہ طور پر فعال ہو چکے ہیں اور ان میں شامل رضا کار پورے ماہِ صیام کے دوران اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ پروگرام کا مقصد معتمرین اور نمازیوں کی خدمت کے ساتھ
متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حرمین الشریفین کے زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کو خدمت کے مواقع دینا اور نوجوانوں میں حب الوطنی اور رضاکارانہ کام کے جذبے کو مضبوط کرنا بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
ان کیمپس کے انعقاد میں مختلف اسکاؤٹ شعبہ جات شریک ہیں جن میں وزارتِ تعلیم، جامعات، جنرل آرگنائزیشن فار ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ، وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی اور وزارتِ کھیل شامل ہیں۔
یہ اشتراک ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا جا رہا ہے تاکہ رضاکارانہ خدمات میں ہم آہنگی اور مؤثر تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔
رضا کاروں کی ذمہ داریوں میں خصوصی فورس برائے امنِ حج و عمرہ کی معاونت، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مرکزی علاقوں میں سیکیورٹی کے لیے گشت پر مامور قیادت کے ساتھ تعاون اور مسجد الحرام و مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی کی مدد شامل ہے۔
اس کے ذریعے زائرین کی آمد و رفت کو منظم کرنے، رہنمائی فراہم کرنے اور مختلف میدانوں میں عملی خدمات انجام دینے میں سہولت پیدا کی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مکہ مکرمہ میں 400 سے زائد مرد و خواتین رضا کار خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ مدینہ منورہ میں 350 سے زیادہ افراد اس مشن کا حصہ ہیں۔
یہ نوجوان رحم، انسانی ہمدردی، ذمہ داری، امن، تعاون، رضاکارانہ خدمت اور قومی وابستگی کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں اور رمضان کے بابرکت مہینے میں حرمین شریفین کی خدمت کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں۔