وزارت تجارت کے جازان ریجن میں قائم علاقائی دفتر نے رمضان کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے اپنی مہم تیز کر دی ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف تجارتی مراکز اور دکانوں کے ہنگامی دورے شروع کر دیے ہیں تاکہ بنیادی غذائی اجناس کی فراہمی میں تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس مہم کا مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا، اجارہ داری کو ختم کرنا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ان جائزہ دوروں کا ایک اہم مقصد یہ چیک کرنا ہے کہ شیلف پر لگی قیمتوں کی پرچیوں اور کاؤنٹر پر وصول کی جانے والی رقم میں کوئی فرق تو نہیں ہے۔ اس کے علاوہ رمضان کے حوالے سے لگائی جانے والی سیل اور رعایتی پیشکشوں کی قانونی حیثیت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی ادارہ صارفین کو گمراہ نہ کر سکے۔
ٹیمیں روزمرہ کی ضروری اشیا کی وافر مقدار میں موجودگی اور ان کے معیارِ صحت کو بھی مسلسل مانیٹر کر رہی ہیں تاکہ رمضان کے دوران طلب و رسد کا توازن برقرار رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 15 فروری تک کے مختصر عرصے میں نگران ٹیموں نے کل 619 تفتیشی دورے مکمل کیے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مارکیٹ کی نقل و حرکت اور اشیا کی معیادِ فروخت پر کڑی نظر رکھی گئی۔
اس کے علاوہ مختلف سیل پوائنٹس پر 2 ہزار 823 مصنوعات کی قیمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ اضافے یا خلاف ورزی کا بروقت سراغ لگایا جا سکے اور ناجائز منافع خوری کا راستہ روکا جا سکے۔
عوامی شکایات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ متعلقہ دفتر نے اب تک موصول ہونے والی ایک ہزار 390 اطلاعات یا شکایات پر فوری کارروائی مکمل کر لی ہے۔ ان شکایات کی بنیاد پر کئی تجارتی اداروں میں خلاف ورزیاں پائی گئیں جن کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی گئی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
یہ اقدامات اس بات کی علامت ہیں کہ حکومت بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور صارفین کو کسی بھی قسم کے استحصال سے بچانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
وزارت تجارت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ رمضان کے دوران شاپنگ سینٹرز اور بیکریوں پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور قیمتوں کو ڈیجیٹل آلات کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔
حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی تجارتی دھوکا دہی یا قیمتوں میں اضافے کی صورت میں وزارت کے ٹول فری نمبر 1900 یا ’بلاغ تجاری‘ ایپ کے ذریعے اپنی شکایت درج کرائیں تاکہ مارکیٹ میں انصاف اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔