سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز بدھ 18 فروری 2026، یکم رمضان 1447 ہجری ہوگی۔
مزید پڑھیں
منگل کی شام مملکت کے مختلف حصوں میں رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے جس کے دوران کئی معتبر گواہوں نے چاند نظر آنے کی شرعی شہادتیں درج کرائیں، جن کی تصدیق کے بعد عدالتِ عظمیٰ نے کل سے ماہِ مقدس کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا۔
عدالتِ عظمیٰ کے محکمہ ہلال نے منگل کی شام اپنا خصوصی اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین خالد بن عبدالله اللحيدان
نے کی۔ اجلاس میں شریک اراکین احمد بن محمد المهيزع، ابراہیم بن عبدالعزیز بن هويمل، محمد بن صالح الیحییٰ اور محمد بن عبداللہ الجار الله نے موصول ہونے والی شہادتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
بعد ازاں کمیٹی نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ چاند کی رویت شرعی اصولوں کے مطابق ثابت ہو چکی ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کی بنیاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیثِ مبارکہ پر رکھی ہے کہ ’چاند دیکھ کر روزہ رکھو اور چاند دیکھ کر ہی افطار (عید) کرو‘۔ اسی فرمانِ نبوی کی روشنی میں ہجری کیلنڈر کے مطابق رویتِ ہلال کے ثبوت ملنے پر بدھ کو پہلا روزہ قرار دیا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے تمام انتظامی اور شرعی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن نمبر (204/H) بھی جاری کر دیا ہے۔
ماہ صیام کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔ عدالت نے مملکت کے تمام شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے جاری بیان میں دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ماہِ مبارک کو تمام مسلمانوں کے لیے رحمتوں اور برکتوں کا ذریعہ بنائے اور عبادات کی قبولیت فرمائے۔