اہم خبریں
18 March, 2026
--:--:--

القنفذہ میں نایاب جنگلی بلیوں کے جوڑے کی موجودگی کی تصدیق

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: اے آئی)

سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف ڈویلپمنٹ نے صوبہ القنفذہ کے حلی نیشنل پارک میں نایاب جنگلی بلیوں (وائلڈ کیٹس) کے ایک جوڑے کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

مرکز کے مطابق یہ نایاب جوڑا اپنے قدرتی مسکن میں سرگرم پایا گیا، جو اس خطے کے حیاتیاتی نظام کی پائیداری اور استحکام کی ایک واضح علامت ہے۔ اس دستاویزی ریکارڈنگ کو مملکت کے قدرتی ماحول کی بہتری اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلی بلیوں کو ان کے فطری ماحول میں دیکھنا انتہائی مشکل کام ہے کیونکہ یہ جانور اپنی مخصوص فطرت کی وجہ سے رات کے وقت متحرک ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ بلیاں اپنی حفاظت کے لیے ماحول کے رنگوں میں چھپ جانے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں عام طور پر دیکھنا ناممکن ہوتا ہے, تاہم حالیہ مشاہدہ ان کی موجودگی اور نسل کی بقا کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔

یہ اہم کامیابی نیشنل سینٹر کے جاری ’رحلہ العقد البريه‘(وائلڈ ٹرپ آف دی ڈیکیڈ) نامی مہم کے دوران کیے جانے والے سروے اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔

wildlife cat 1
(فوٹو: نیشنل سینٹر فار وائلڈلائف)

واضح رہے کہ مرکز کے ماہرین باقاعدگی سے مختلف مقامات کا سروے کرتے ہیں تاکہ جنگلی حیات کی اقسام اور ان کے مساکن کی نگرانی کی جا سکے۔ اس جوڑے کا نظر آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب کے ماحولیاتی نظام میں حیاتیاتی تنوع برقرار ہے اور یہاں کے جنگلات ان جانوروں کے لیے محفوظ ہیں۔

مرکز نے وضاحت کی ہے کہ اس مشاہدے سے قومی سطح پر جنگلی بلیوں کی تقسیم اور ان کے پھیلاؤ کے بارے میں ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے میں مدد ملے گی۔

ان معلومات کے ذریعے مملکت کے قدرتی مساکن کے معیار اور ان کی افادیت کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے گا تاکہ مستقبل میں ان نایاب انواع کے استحکام کے لیے مزید اقدامات کیے جا سکیں۔ یہ کامیابی ماحولیاتی اہمیت کے حامل مقامات کی نگرانی کے لیے اپنائے گئے طریقہ کار کے مؤثر ہونے کو بھی ثابت کرتی ہے۔

اس طرح کے ریکارڈز کا حصول نہ صرف سائنسی تحقیق کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ سعودی وژن 2030 کے تحت ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کو پورا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس کا مقصد مملکت میں فطری حیات کے توازن کو بحال کرنا اور نایاب جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنا کر ماحولیاتی سیاحت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

wildlife cat 3
(فوٹو: نیشنل سینٹر فار وائلڈلائف ۔ ترجمہ: اوورسیز پوسٹ)